ملتان، 28 ستمبر( اےپی پی): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر سے ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر کا عہدہ سنبھالنے پر رضوان قدیر کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں بہت سے میگا پراجیکٹ زیر تکمیل ہیں جن کی بروقت تکمیل عوامی مفاد کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا نشتر ٹو اور کارڈیالوجی ہسپتال کی ایکسٹینش کو جلد فنکشل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو معینہ مدت کے اندر مکمل کرنے پر مکمل فوکس کیا جائے اور کیڈٹ کالج ملتان کے قیام کے منصوبے پر برق رفتاری سے کام کیا جائے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو اصل حالت میں بحال کرنے کے پراجیکٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا اس منصوبے پر پیش رفت تیز کی جائے اور شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے ایکشن پلان تیار کیا جائے۔انہوں نے آشوب چشم کے بہترین علاج معالجہ اور وباء بارے عوام کی آگاہی کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ ملتان میرا شہر ہے اور یہاں تعیناتی میرے لئے ایک اعزاز ہے۔انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔ رضوان قدیر نے بتایا کہ شہریوں کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا شہر کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر مرمت پر مکمل توجہ دی جائے گی اور
ضلع میں جاری میگا پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے بھرپور مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے پلان تیار کیا جائے گا اور سڑکیں کشادہ کرنے کے لئے تجاوزات کے خاتمہ کے لئے گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ واسا اور پی ایچ اے کو موثر انداز سے فعال کیا جائے گا۔