جوہر آباد؛نبی کریمﷺکی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر دو سو کلو وزنی کیک کاٹا گیا

25

جوہر آباد ،29 ستمبر(اے پی پی ): ضلع خوشاب میں حضور نبی کریمﷺکاجشن ولادت انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے ۔ جوہرآبادمیں جامع مسجد غوث الاعظمؒ غلہ منڈی میں سردار انبیا حضرت محمد مصطفی ﷺکی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر دوسوکلو وزنی کیک کاٹاگیا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر ڈاکٹر غوث نیازی ،سابق صوبائی وزیر ملک آصف بھا اور سابق ایم این اے شاکر بشیر اعوان بھی موجودتھے۔مولانا قاری محمد امین الحسنی نے ملکی سا لمیت و استحکام کیلئے دعا کرائی۔

 میلاد النبی ﷺکے موقع پرجلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، محافل میلاد کاانعقاد کیا جارہاہے ، جوہرآباد میں میلاد کا مرکزی جلوس شوگر ملز گیٹ سے جبکہ خوشاب میں دربار بادشاہان سے نکالے گئے ریلیوں میں جگہ جگہ درود وسلام کی محفلیں سجائی جارہی ہیں۔

ضلع خوشاب میں 12 ربیع الاول کے سلسلہ میں 40 محافل کا انعقاد اور 46 جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ خوشاب پولیس کی جانب سے جلوسوں اور محافل کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، توقیرمحمدنعیم ڈی پی او خوشاب جلوسوں کی سکیورٹی کی خود نگرانی کر رہے ہیں انہوں نے ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو چیک کیا اور ڈیوٹی سے متعلق بریف کیا اور جلوسوں کے روٹ پر کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن ،ڈی ایس پی انویسٹی گیشن، ڈی ایس پی صدر، ڈی ایس پی قائدآباد، ڈی ایس پی نورپور اور ڈی ایس پی ٹریفک سکیورٹی انتظامات کو سپروائز کر رہے ہیں، خوشاب پولیس کے 550 سے زائد جوان ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیںجبکہ ایلیٹ پولیس خوشاب کی 04 ٹیمیں اورٹریفک پولیس کے 100 سے زائد اہلکار بھی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے چوک چوراہوں پر موجود ہیں۔ڈی پی او خوشاب نے بتایا کہ جلوسوں کے سرویلنس کے لیے 15 اہم مقامات پرسی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔