سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب سمیرا صمد کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

30

لاہور2اکتوبر( اے پی پی ): سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب سمیرا صمد کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور یونیسف پاکستان کے درمیان صوبے میں کم عمری کی شادی کے نقصانات بارے آگاہی مہم پر تعاون میں مشاورت کی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن (PCSW) نبیلہ جاوید، کمیونیکیشن ، ایس بی سی سپیشلسٹ چائلڈ پروٹیکشن عدیل جعفری اور ڈپٹی سیکرٹری حافظ عبید اللہ زکریا نے شرکت کی۔سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب سمیرا صمد نے کہا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بچوں کے تحفظ کے مسائل کی وکالت کرنے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پنجاب میں بچوں کی شادیوں، نکاح کی رجسٹریشن، تعداد ازدواج اور متعلقہ معاملات کو حل کرنے کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ساتھ متعدد مشاورتی اجلاس جاری ہیں۔ اس حوالے سے کرسچن میرج ایکٹ میں شادی کے لیے کم از کم عمر کے تعین کے لیے قانونی ترامیم پر بھی مشاورت کر رہے ہیں۔ ہر طرح کی مذہبی وابستگیوں سے قطع نظر، پنجاب بھر میں چائلڈ میرج ایکٹ کو یکساں طور پر نافذ کرنا ازحد ضروری ہے۔ لہذا چائلڈ میرج کے موثر تدارک کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ پولیس، خواتین محتسب، اور دیگر ایجنسیوں پر مشتمل محکمہ جات کے مابین رابطہ کی اشد ضرورت ہے۔ بعد ازاں یونیسیف کی ٹیم نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سکریٹری ڈبلیو ڈی ڈی سمہرا صمد کے غیر متزلزل عزم اور لگن کو سراہا۔