مظفر گڑھ؛ڈی سی کا اے سی کے ہمراہ “اب گاﺅں چمکیں گے”مہم کے حوالے سے یو سی بھٹہ پور کا دورہ

31

مظفر گڑھ،5 اکتوبر( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر شہزاد ڈوگر کے ہمراہ “اب گاﺅں چمکیں گے” مہم کے حوالے سے صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کیلئے یونین کونسل بھٹہ پور کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس مہم سے اب گاوں بھی شہروں کی طرح صاف ستھرے نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیہات کی سطح پر تشکیل دی گئی کمیٹیوں کے تعاون سے ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کا کام جاری ہے۔دیہی علاقوں کے لوگ صفائی مہم میں انتظامیہ اور کمیٹیوں سے تعاون کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے ترکی بائی پاس جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا اور جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے میٹریل کا خاص خیال رکھا جائے،میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر بصیرہ کا بھی دورہ کیا،انہوں نے ہسپتال میں موجود مریضوں کی عیادت کی اور ان سے طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا،ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں موجود طبی ادویات کے اسٹاک کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کو اسٹاک سے ہی مفت طبی ادویات فراہم کی جائیں۔