اوکاڑہ،08اکتوبر(اے پی پی): ملائشین ہائی کمشنر محمد اظہر بن مزلان نےفلاحی تنظیم اوکاڑہ پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپوا) کے زیر اہتمام گارڈن ٹاؤن میں شروع کئے جانے والے100 بیڈ پر مشتمل ہیلتھ کئیر کمپلیکس کی تعمیر کے لئے لگائے گئے فاؤنڈیشن سٹون کی نقاب کشائی کی۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر آپریشنز اپوا شیخ عبدالغفور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو سالوں میں مکمل ہونے والے 100 بستروں پر مشتمل مدر چائلڈ ہیلتھ کئیرہسپتال میں متعدد صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کے منصوبے کا کل تخمینہ لاگت تقریباً 726 ملین روپے (3 ملین ڈالر) ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سابقہ کارکردگی اور ضرورت مندوں کی خدمت کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے ہمیں اپوا ہیلتھ کمپلیکس کے قیام کے لیے زمین کا یہ ٹکڑا دیا،ہم اس عظیم مقصد میں حکومت کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ملائشین ہائی کمشنر محمد اظہر بن مزلان نے
نے اپوا کی کاوش کو سراہا اور اسے عوامی خدمت کی اچھی مثال قرار دیا۔
تقریب میں سی ای او اپوا برگیڈئیر ریٹائرڈ ڈاکٹر ناصر منصور،چوہدری فیاض الحق نےبھی خطاب کیا۔تقریب میں سابق ایم این اے ریاض الحق، ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید احمد عثمانی ،چیئرمین اپوا حاجی محمد اقبال شاہد،ڈایریکٹر کوآرڈنیشن
قیصر نوازبخشی،سول سوسائٹی ، صحافیوں اورمخیئر حضرات نے شرکت کی۔ آخر میں
ملائیشین ہائی کمشنر کو اپوا کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی گئی۔











