سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا منصوبہ  تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن، ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کرنے کے لئے کوشش تیز

17

ملتان ،09 اکتوبر(اے پی پی ): سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا منصوبہ  تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہے، منصوبے کو دی گئی ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کرنے کے لئے مزدوروں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے جبکہ دوسری طرف  پراجیکٹ میں شامل سرکاری افسران کی رہائش گاہیں انتظامیہ کے حوالے کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

 منصوبے پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجنئیر امجد شعیب خان ترین کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے آصف روف خان ، پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل زمان اور آئی ڈیپ کے حکام شریک ہوئے۔

سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب نے منصوبے کی ٹائم لائن کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کا حکم دیا اور کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے اندر منصوبہ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے لینڈ سکیپنگ بارے ورکنگ پلان پیش کرے جبکہ آئی ڈیپ سائیٹ پر  پی ایچ اے کو واٹر اور الیکٹرک کنکشن کی سہولت فراہم کرے۔

سیکرٹری سروسز نے کہا کہ آئی ڈیپ فوری طور پر سیکرٹریٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے کی ٹیکنکل منظوری حاصل کرے جبکہ دفاتر کے لئے فرنیچر کی خریداری کے قواعد بھی جلد مکمل کئے جائیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف روف خان نے اس موقع پر بتایا کہ پی یچ اے نے لینڈ سکیپنگ کا ورکنگ پلان تیار کرلیا ہے جس کے مطابق جی او آر کی لینڈ سکیپنگ 31 اکتوبر  تک مکمل کرلی جائے گی۔

 آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل زمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری افسران کی رہائش گاہیں31 اکتوبر تک انتظامیہ کے حوالے کردی جائیں گی جبکہ سیکرٹریٹ کا پراجیکٹ 31 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹریٹ میں ٹائل ورک کا کام تیزی سے جاری ہے اور جی او آر کا روڈ نیٹ ورک اور باونڈری وال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ جی او آر کا فنشنگ ورک 15 اکتوبر کو مکمل کر لیا جائے گا۔

 بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ  سیکرٹریٹ کی سولرائزیشن کا کام بھی دسمبر میں مکمل کرلیا جائے گا۔