مودی حکومت نے پوری دنیا کا امن داؤ پر لگا دیا ہے ، کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ کے پائیدار حل کے بغیر دنیا میں امن کا قیام ایک خواب ہے ، معاون خصوصی مشعال ملک کی میڈیا سے گفتگو

34

لاہور۔9اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ مودی حکومت پوری دنیا کا امن تباہی کرنے پر تلی ہوئی ہے، کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ کے پائیدار حل کے بغیر دنیا میں امن کا قیام ایک خواب ہے ،علامہ اقبال کے افکار سے روحانی تعلق ہے ،مذہبی ہم آہنگی کو دنیا میں فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،وہ وقت دور نہیں جب کشمیر اور فلسطین آزاد ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز مزاراقبال  پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، کشمیری قوم ہمیشہ سے سول سوسائٹی کی جانب سے آواز بلند کرنے کا کہتی رہی،ہمیں ڈرنا نہیں بھارت کو بے نقاب کرنا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام بھارتی مظالم کے شکار تمام لوگوں کے ساتھ ہیں-مشعال ملک نے کہا کہ علامہ اقبال کے مزار پر حاضری کا مقصد ان کے افکار سے روحانی تعلق ہے، علامہ اقبال نے خودی کامقصد قوم کو بتایا اور بانگ درا میں شاہین کا درس دیا، کشمیر ہو یا فلسطین دونوں قوموں کی بات اپنی شاعری میں کی، کشمیریوں کی جدوجہد اور فلسطین و کشمیر کے بارے میں علامہ اقبال کا موقف ہم سب پر واضح ہے،شاہین و خودی کا نظریہ فلسطین و کشمیر میں دیکھنے کو ملتا ہے۔معاون خصوصی مشعال ملک نے کہا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے جس طرح مسلمانوں کے حقوق کودبایا آج بھی اس منصوبے کے مطابق مودی حکومت اقلیتوں کو نشانہ بنارہی ہے، بھارت دنیا بھر میں دہشتگردی کا کینسر پھیلارہا ہے اور کشمیر کی آزادی کی  مقامی تحریک کو دبانے کے لیے ہر ہتھکنڈہ استعمال کیا جا رہا ہے ۔انہوں  نے کہاکہ یاسین ملک ڈیتھ سیل میں  ہیں اور ان کی پھانسی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین و کشمیر میں نہتے نوجوان سر پر کفن باندھ کر آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے ، وہ دن دور نہیں جب فلسطین اور کشمیر آزاد ہوں گے، اگر دنیا کو امن کی طرف لے جانا ہے تو فلسطین اور کشمیر کو آزادی دینا ہوگی تاکہ وہ عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کا فروغِ وقت کی اہم ضرورت ہے ، اس کے برعکس بھارت میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی جا رہی ہے، مساجد پر تالے لگائے جاتے ہیں، دنیا کو اسوقت جنگوں اور  انسانی حقوق  کی خلاف ورزی سے بچانا ہو گا اور متنازع مسئلوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہو گا۔معاون خصوصی نے اسرائیل اور فلسطین کے مابین جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ،غزہ پر حملہ  کرکے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کی گئی، اس حوالے سے جو دکھ و درد محسوس ہو رہا ہے وہ  نا قابل بیان ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے ، مودی حکومت پوری دنیا کا امن تباہی کرنے پر تلی ہوئی ہے ،معاملے کو ورلڈ وار تھری کی طرف لے جانے کیلئے اسرائیل کو اکسا یارہا ہے، فلسطینیوں اور کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے ، اسرائیل نے جتنے ظلم ڈھائے حالیہ کشیدگی  اس کا فطری ردعمل ہے ۔بعد ازاں مشعال ملک نے علامہ اقبال کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔