ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام 2روزہ قرآنی خطاطی کی نمائش کا آغاز

47

ساہیوال،10اکتوبر(اے پی پی): ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ربیع الاول کے بابرکت مہینے کے حوالے سے 2روزہ قرآنی خطاطی کی نمائش کا آغاز ہو گیا ہے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پاکستان کے نامور خطاط محمد یونس انصاری، محمد اصغر مغل،عبدالمتین اور غلام مصطفی مغل کے فن پاروں پر مبنی نمائش کا افتتاح کیا۔

 اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ فن خطاطی مسلم روایات، تہذیب، ثقافت اور ہماری عقیدت سے جڑا فن ہے جو ہمیں اپنے عظیم ماضی کے ساتھ جوڑتا ہے۔ انہوں نے خطاط کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی تربیت کے اتنا مستند اور معیاری کام کرنا بہترین جذبوں کی عکاسی کرتا ہے، یہی جذبے ہمارے معاشرے میں امن اور محبت کی علامت اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کا باعث بنیں گے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ فن خطاطی مسلم ثقافت کی عظیم روایت ہے جسے ہمارے خطاطین نے اپنی کمال ہنر مندی اور بے مثال آرٹ کے ذریعے زندہ رکھا ہوا ہے اور نئی نسل تک منتقل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ معاشرے اپنے آرٹسٹوں کی پذیرائی کے لیے سرگرم عمل رہتے ہیں اور ساہیوال آرٹس کونسل کی طرف سے فنکاروں کو ان کے فن کے اعتراف میں ایوارڈز بھی دیئے گئے ہیں۔

 اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وسیم اکرم نے کہا کہ محمد یونس انصاری نے ساڑھے تین سال میں کینوس پر مختلف رنگوں اور زاویوں میں قرآن پاک لکھ کر بہت بڑا کارنامہ انجام دیا جو آرٹسٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لئے بھی اعزاز ہے۔ اس قرآن پاک کی رنگین فوٹو کاپی مدینہ منورہ لائبریری میں بھی پاکستان کی طرف سے محفوظ کی گئی۔،بین الاقوامی شہرت کے حامل آرٹسٹ محمد اصغر مغل نے بغیر برش قرآنی خطاطی کر کے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد الیاس اکبر نے کہا کہ خطاطین میں محمد اصغر مغل، عبدالمتین، غلام مصطفی مغل جی کی تخلیقات کو نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

فن پارے راویتی اسلامی خطاطی اور جدید خطاطی کے اصولوں پر تیار کئے گئے، خوبصورت رنگوں کے امتزاج اور مصورانہ مہارت سے تیار نمائش کو شائقین کی بڑی تعداد نے سراہا، یہ نمائش دفتری اوقات میں دو روز جاری رہے گی۔