نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں چین کے سفیر کی ملاقات

36

اسلام آباد۔11اکتوبر  (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین سی پیک کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور حکومت سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کی تکمیل اور ان پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے چینی حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژے ڈونگ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں آزمودہ تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کے حامل منفرد تعلقات ہیں، دونوں ملک آئرن برادرز اور ایک دوسرے کے بااعتماد دوست ہیں۔ وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت اور وژن بالخصوص بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے دونوں ممالک کے درمیان معیشت، تجارت اور ٹیکنالوجیکل تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور حکومت سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کی تکمیل اور ان پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے چینی حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ چین کے سفیر کی وزیراعظم کے ساتھ پاکستان میں بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ پہلی ملاقات تھی۔ وزیراعظم نے چینی سفیر کو سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کردار ادا کریں گے۔