ساہیوال؛کمشنر ڈویژن کی عوام کو فوری ریلیف فراہمی اور سروسز تک آسان رسائی حوالے سے تمام اہم سرکاری محکموں سے رپورٹ طلب

6

ساہیوال،14 اکتوبر( اے پی پی ):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور انہیں سروسز تک آسان رسائی کے لئے تمام اہم سرکاری محکموں سے رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے کہا کہ محکموں کی کار کردگی عوام کو فوری سروس ڈیلوری سے جانچی جائے گی،ہر محکمہ عوامی مسائل کے حل اور انہیں درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے پروایکٹو کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صوبائی محکموں کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ افسران کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور ان تک عوام کی آسان رسائی یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری انتظامی اقدامات اٹھارہی ہے جس میں پرفارمنس انڈیکیٹرز کی مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے۔

 اجلاس میں محکمہ صحت، سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، لیبر، ایکسائز، ، فوڈ اتھارٹی، خوراک، ٹیوٹا، سوشل ویلفیئر، سپیشل ایجوکیشن، زراعت، لائیوسٹاک، انڈسٹریز،سپورٹس، جنگلات، اوقاف، سول ڈیفنس، ایمرجنسی سروسز، ہائی وے، بلڈنگ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محکموں کے پرفارمنس انڈیکیٹرز بارے بریفنگ لی گئی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کی اپنے تک رسائی بھی یقینی بنائیں تاکہ شکایات کا بروقت ازالہ ہو اور انہیں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔