پشاور،17اکتوبر(اے پی پی):خواتین کی فکری وفنی تعلیم و تربیت اور ان کی فلاح و بہبود کے لٸے الخدمت فاونڈیشن خواتین ٹرسٹ کے تحت خیبر کلے ہاوسنگ سوساٸٹی رنگ روڈ پشاور میں خواتین کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کردیا گیا جس میں نادار خواتین کے لٸے سلاٸی کڑھاٸی اور دیگر ہنر سیکھانے کا اہتمام کیا گیا ھے جس سے ضرورت مند خواتین کو گھر پر چھوٹے چھوٹے باعزت روزگارکے مواقع فراہم کٸے جاٸیں گے۔
اس سینٹر میں خواتین کو صحت کی بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لٸے کلینک کی سہولت بھی موجود ھوگی جبکہ خواتین کو قرآنی تعلیمات سے آراستہ کرنے کے سلسلے میں قرآن فہمی اور ترجمہ قرآن کی خصوصی کلاسوں کااہتمام بھی کیا جاٸے گا۔
الخدمت خواتین کمیونٹی سینٹر کی افتتاحی تقریب الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی زیرصدارت آٸی آر ایس آفس میں واقع قاضی حسین احمد آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوٸی جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق تھے ۔
اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن خواتین ٹرسٹ کی جانب سے غزہ میں اسراٸیلی وحشیانہ بمباری سے متاثر ہونے والے فلسطین کے نہتے عوام اور معصوم بچوں و خواتین کی امداد کے لٸے الخدمت خواتین کی طرف سے ایک کروڑ روپے مالیت کا امدادی چیک بھی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کو پیش کیا گیاجو انہوں نے الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے حوالہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ھوٸے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ آزماٸش کی اس مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ غزہ کے بے گناہ شہریوں اور معصوم بچوں کیساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ میں بے گناہ انسانوں کا قتل عام فی الفور روکا جاٸے اور امدادی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی اجازت دی جاٸے۔
افتتاحی تقریب میں الخدمت فاونڈیشن خواتین ٹرسٹ کی چیرپرسن نویدہ انیس،الخدمت فاونڈیشن خیبرپختونخواکے صدر خالد وقاص، چیرمین آٸی آر ایس ڈاکٹر محمد اقبال خلیل، امیر جماعت اسلامی پشاور بحراللہ خان ایڈوکیٹ، شاہ فیصل آفریدی، الخدمت فاونڈیشن خواتین ونگ کی صوباٸی صدر عنایت بیگم، الخدمت خواتین ٹرسٹ کی صدر نسرین مراد، سابق اراکین قومی اسمبلی سمیحہ راحیل قاضی، رضیہ عزیز سمیت دیگر خواتین قاٸدین نے شرکت کی۔