گوادر 18 اکتوبر ( اے پی پی ): گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور گوادر موٹر اسپورٹس کے زیرِ انتظام گوادر آف روڈ ریلی شروع ہوگئی ، ملک بھر سے ریسرز اور تماشائی گوادر پہنچ گئے ہیں اور شہر میں اس سال کے بڑے میگا ایونٹ کی گہما گہمی دکھائی دے رہاہے۔ گوادر آف روڑ ریلی میں 11 غیر ملکی، 10 خواتین اور 80 لوکل ریسرز سمیت کل 204 ریسرز قسمت آزمائی کریں کررہے ہیں ۔ پہلی بار جیپ ریلی کے علاوہ موٹر بائیک ریس کے دو الگ الگ کیٹگری شامل کئے گئے ہیں۔ ڈھائی سو کلومیٹر پر مشتمل طویل ٹریک تیار ہوچکا ہے جو کہ کہیں ساحل سمندر کے کنارے اور کہیں صحرا، پہاڑ اور گوادر کے حسین قدرتی مناظر پر مشتمل ہے۔ جی ڈی اے کے زیر انتظام گوادر آف روڑ ریلی انٹرنیشنل لیول کا ایونٹ ہے جسکی شاندار و کامیاب انعقاد یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ پولیس، گوادر پورٹ اتھارٹی، سیکیورٹی اداروں سمیت گوادر کے تمام سول و ملٹری اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ افتتاحی اور اختتامی تقریبات میں اعلیٰ سطح کے حکومتی شخصیات شریک ہونگے۔ جبکہ ریسز کے علاؤہ تقسیم تقریب انعامات، میوزیکل نائٹ، اتش بازی سمیت دیگر کئی دلچسپ رنگا رنگ پروگرامز شامل ہیں۔











