پچیسویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاءکا نیول ہیڈ کوارٹر ز اسلام آباد کا دورہ

38

اسلام آباد،20 اکتوبر( اے پی پی ): 25ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاءنے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شرکاءمیں پارلیمنٹرینز، بیوروکریٹس،سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں کے نمائندوں اورمسلح افواج کے افسران شامل تھے۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کا ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کیا ۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود میں قدرتی وسائل کے بڑے ذخائر موجود ہیں جو پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے ساتھ ساتھ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

نیول چیف نے ساحلی کمیونٹی کیلئے سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک بحریہ کی کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاءکو بدلتی ہوئی میری ٹائم سکیورٹی کی صورتحال اور بلیو اکانومی کے فروغ کیلئے پاک بحریہ کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ورکشاپ کے شرکاءنے بحری امن و استحکام اور ساحلی علاقوں کی ترقی کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔