اسلام آباد،23اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خطے کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لئے اجتماعی ترقی اور خوشحالی کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے ہر رکن ملک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے رہائشی سفیروں سے گفتگو میں کیا ، جنہوں نے پیر کویہاں وزیراعظم ہاؤس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے علاقائی ترقی کے لئے اقتصادی تعاون تنظیم(ای سی او) کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہاکہ ای سی او کے رکن ممالک کی تاریخ اور ثقافت مشترکہ ہے،آج خطے کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لئے اجتماعی ترقی اور خوشحالی کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں وزیراعظم نے رابطے،تجارت، توانائی اور اقتصادی تعاون پر روشنی ڈالی۔
ای سی او کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ای سی او کے ہر رکن ملک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ 8 سے 9 نومبر 2023 تک تاشقند، ازبکستان میں 16ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ای سی او کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے متمنی تھے۔
سفیروں نے پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لئے اپنے اپنے ممالک کی خواہش اور ای سی او کے وژن اور مقاصد کے لئے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔