ڈیرہ غازی خان،26 اکتوبر(اے پی پی): ڈی پی او احمد محی الدین نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے،تھانوں میں تعینات عملے پر لازم ہے کہ وہ سائلین سے خوش اسلوبی سے پیش آئیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ صدر، سول لائن اور تھانہ بی ڈویژن کے اچانک دورں کے موقع پر کیا۔اس موقع پر انہوں نے حوالات، ریکارڈ ، پولیس اہلکاران کی رہائشی بیرکیں،ویٹنگ روم کی صفائی ستھرائی چیک کی۔
انہوں نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ اسلحہ کی خبر گیری اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے،فرنٹ ڈیسک پر آن لاٸن ریکارڈ اور رجسٹر ہاۓ تھانہ کی تکمیل بھی بروقت کی جائے۔
ڈی پی او نے کہا کہ رجسٹرڈ ہونے والے مقدمات کو بروقت یکسو کریں،تفتیش کے عمل میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور چالان کو عدالتوں میں بروقت بھیجا جائے۔انہوں نے کہا کہ قتل اور موٹر ساٸیکل ڈکیتی جیسے سنگین مقدمات کو ساٸنٹیفک طریقہ تفتیش کی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اشتہاری مجرمان، قمار بازی، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تھانہ پر آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آیا جائے اور انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔











