اٹک ؛ فرینڈز آف پولیس سیمینار کا انعقاد، علماء اور اقلیتی برادری کی شرکت

47

اٹک، 26 اکتوبر (اے پی پی): ڈی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایات پر اٹک میں فرینڈز آف پولیس سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر کےعلمائے اکرام، مسیحی ،سکھ اور ہندو برادری کے ممبران نے شرکت کی۔

سیمینار میں انچارج برانچز نے پولیسنگ کے حوالے سے لیکچرز دئیے۔اس موقع پر شرکاء کو ڈی پی او آفس اٹک اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کروایا گیا۔

ڈی پی او سردار غیاث گل خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ فرینڈز آف پولیس کا مقصد شہریوں کو مؤثر پولیسنگ، جرائم کی روک تھام، تعلیمی اداروں میں منشیات کے تدارک اور دیگر معاشرتی مسائل کے حل اور کمیونٹی پولیسنگ کے لئے معاون بنانا ہے۔انہوں  نے کہا کہ فرینڈز آف پولیس معاشرے کی بہتری، جرائم کی نشاندہی اور تدارک میں بطور ذمہ دار شہری بہتر طور پر کردار ادا کر سکتے ہیں۔