سیالکوٹ ؛ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کی تقریب ، بھارتی مظالم کی مذمت

55

سیالکوٹ، 27 اکتوبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیر پر غیر قانونی بھارتی تسلط  کے خلاف یوم سیاہ کی مرکزی تقریب کچہری چوک سیالکوٹ میں  منعقد ہوئی ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ سید اسد رضا کاظمی نے کہا کہ 27اکتوبر 1947میں بھارتی فوج نے اپنی فوج کو کشمیر میں داخل کرکے اس پر غاصب ہوگیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر اب تک ناجائز قابض ہے، 27اکتوبر کو پاکستان اور کشمیر میں یوم سیاہ کے طور منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان  تحریک آزادی کشمیر کی اخلاقی، سفارتی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے اور بھارتی فوج کے کشمیر میں روا رکھے جانے والے مظالم کا نوٹس لے۔

 تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرورنے کہا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے۔بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری  پر بلا اشتعال فائرنگ  کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین فوج ہے جو دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

 تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اورسکولوں اور کالجوں کے  بچوں نے کشمیری نغمے پیش کئے۔تقریب کے اختتام پر  ریلی نکالی گئی جو ایوان صنعت و تجارت پر جاکر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء ریلی نے پاکستانی اور کشمیر پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ  ملک وقوم کی سلامتی کیلئے دعا بھی  کی گئی۔