سانگھڑ ، 27 اکتوبر (اے پی پی): کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر کی طرح سانگھڑ میں بھی یوم سیاہ منایا گیا۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کی قیادت میں میونسپل آفس سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے کہا کہ 27 اکتوبر کو ہر سال کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منایا جاتا ہے اور ہم کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کی مذمت کرتے ہیں۔
سانگھڑ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین راشد اسلام مغل نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ہم آج ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر ظلم اور قبضہ کر رکھا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے فیصلے پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا تاہم بھارت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سانگھڑ فہد اعجاز نے کہا کہ ہم کشمیر پر ناجائز قبضے کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کے فیصلے کے تحت ہونا چاہیے، ہم بھارتی فوجیوں کے ظلم کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق سلب کیے گئے ہیں، پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہے.
ریلی میں اے ڈی سی ٹو میر حسن نوہری، ڈی ایچ او فیض محمد مری، ڈاکٹر وشنو مل، فوکل پرسن ارلی وارننگ سسٹم صابر حسین مہر، لال خان خاصخیلی، ایم ایس ڈاکٹر شبیر احمد چنا اور دیگر نے شرکت کی۔











