میرپورخاص؛ سانحہ تیزگام میں شہید ہونے والے افراد کی یاد میں قرآن خوانی و دعائیہ تقریب کا انعقاد

39

میرپورخاص،31اکتوبر(اے پی پی ): سانحہ تیزگام میں   شہید ہونے والے افراد کی  یاد میں  ایوان صحافت اور چوہدری نظام الدین آرائیں کی جانب سے  مقامی بینکوئٹ ہال میں قرآن خوانی، علماء کرام کے بیان اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا کہ سانحہ تیز گام کو آج چار سال بیت گئے جس میں 50 مسافر شہید جس میں سے 8 تاحال لاپتہ شہید اور 21 زخمی ہوئے تھے، یہ میرپورخاص کی تاریخ کا افسوس ناک واقعہ ہے۔ انہوں  نے کہا کہ 8 لاپتہ شہداء کی مالی مدد کے لیے لکھا ہے اور جلد ان ورثاء کی مالی مدد کی جائے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے بحریہ کے چوہدری نظام الدین آرائیں کی جانب سے سانحہ تیز گام کے 8 لاپتہ شہداء کے لواحقین کے ورثاء میں 8 پلاٹ کی مفت رجسٹریشن میں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

اس موقع پر چوہدری نظام ارائیں کی جانب سے شہداء کے ورثاء کیلئے اعلان کردہ پلاٹ کے دستاویزات ورثاء کے حوالے کی گئیں اور چوہدری نظام ارائیں اور رئیس غلام قادر مری کی جانب سے شہداء کے لواحقین کو ماہانہ راشن دینے کا بھی اعلان کیا گیا اور اعلان کیا گیا  کہ لاپتہ شہداء کے ناموں کی قرعہ اندازی کے ذریعے نام نکلنے والے ایک شہید کے لواحقین کو دیے گئے  پلاٹ پر حافظ بلڈرزکی جانب سے گھر بنا کر دیا جائے گا۔

سانحہ تیز گام ٹرین آتشزدگی کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب میں مئیر عبدالرؤف غوری، محمود صابری، مولانا حفیظ الرحمن فیض، مولانا عبداللہ، مولانا ہارون معاویہ، آفتاب حسین قریشی، عاصم شیخ، تاجر تنظیم  کے کامران میمن، صدر آل پرائیویٹ اسکولز فیصل زئی، ایوان صحافت کے صدر فضل شر، ہاشم شر، فلک شیر، سینئیر صحافی محمد راشد سلیم، مختیار کیریو،عزیز خان،  شہزاد،  سجاد رند، علی رضا رند، اسٹیج سیکرٹری رفیق شیخ، علمائے  کرام اور صحافیوں سمیت شہداء کے لواحقین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر شہداء کی مغفرت، فلسطینیوں خصوصاً غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت سے شہید ہونیوالوں کے لیے مغفرت اور انکی غیبی مدد اور مسلم امہ کے اتحاد کی دعا کی گئی ۔