نگران وفاقی وزیر مدد علی سندھی سے ترکیہ کے سفیر کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی وفد کی ملاقات

40

 

اسلام آباد،1نومبر  (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی سے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر مہمت پچاچی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے بدھ کو یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا ثقافتی، لسانی اور عوام کے درمیان ایک دوسرے سے محبت کا رشتہ ہے۔ انہوں  نے ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے حوالے سے مہارت اور علم کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو تسلیم کیا اور اس کی تعریف کی۔انہوں  نے اساتذہ اور طلباء کے تبادلے کا خیرمقدم کیا خاص طور پر ہنر مند پیشہ وارانہ تربیت کے لئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی  اور دیگر یونیورسٹیاں ترک یونیورسٹیوں کے پروفیسرز کو باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تحقیق کرنے کے لئے ریسرچ فیلو شپ کی پیشکش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔

ترکیہ کے سفیر  نے وفاقی وزیر تعلیم کو پرانے مذہبی اور ثقافتی مینیوسکرٹپس کی بحالی اور تحفظ کے بارے میں بتایا۔ وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت اس منصوبے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں سندھی لینگویج اتھارٹی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ TIKA کو اس سلسلے میں اپنے دائرہ کار کو بڑھانے کے لئے صوبائی تنظیموں کے ساتھ بھی تعاون کرنا چاہئے۔مزید برآں این ایس یو   میں سنٹر آف ہاسپیٹیلیٹی کی تعمیر بھی ہو گی جسے ترکیہ میں کوویِڈ اور زلزلے کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔