ٹنڈو محمد خان؛سندھ کو موہن جودڑو بنانے والوں کا عوام ووٹ کے ذریعے احتساب کریگی،علامہ راشد محمودسومرو

69

 

ٹنڈو محمد خان ،یکم نومبر ( اے پی پی ): جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے رہنماءعلامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ کو موہن جو دڑو بنانے والوں کا سندھ کی عوام ووٹ کے ذریعے احتساب کرے گی، سندھ کسی جاگیر نہیں جسے لوٹا جائے، سندھ پر سندھیوں کا حق ہے، اب کسی کو سندھ کے حقوق غصب کرنے نہیں دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ امن مارچ قافلے کے ٹنڈومحمدخان کے علاقے جاڑاواہ پہنچنے پر عوامی استقبالیہ کیمپ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔

 قبل ازیں سندھ امن مارچ قافلے کے جاڑا واہ پہنچنے پر ملک کے معروف عالم دین شیخ الحدیث مفتی حبیب الرحمن سومرو نے شاندار استقبال کیا، علامہ راشد محمود سومرو کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کو یتیم بنانے والوں کو سندھ کی باشعور عوام آئندہ عام انتخابات میں مسترد کردے گی، اقتدار میں آکر سندھ کو لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائے گا، سندھ کے وسائل صوبائی خودمختیاری کے تحت سندھ کا حق ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین ازسر نو بحالی، انہیں نئے گھر بنا کر دینے، سندھ کے تعلیمی و صحت کے شعبوں کو یتیم بنانے کا سندھ کی عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے احتساب کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ اب سندھ کی باشعور عوام گزشتہ پندرہ سالوں سے سندھ کو لوٹنے والوں کو ہرگز ووٹ نہیں دے گی، جمعیت علمائے اسلام ف کا سندھ بچاو امن مارچ سندھ کو غاصبوں سے ہمیشہ کے لیے نجات دلا دے گا، اس موقع پر مرکزی قائدین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، بعدازاں سندھ امن مارچ ٹھٹھہ کی جانب روانہ ہوگیا۔