لاہور،یکم نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژائو شیریں نے بدھ کے روز یہاں وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی جس میں سموگ کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں سموگ سے نمٹنے کے لئے بیجنگ اکیڈمی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ٹیکنیکل معاونت حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ لاہور میں چینی کمپنی کے اشتراک سے ایئرکوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگایا جائے گا۔ملاقات میں پنجاب اور چین کے ماحولیاتی امور کے ماہرین سے فوری رابطوں پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعلی نے چینی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کے لئے چین سے ٹیکنیکل معاونت اور جدید آلات کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔سموگ کے خاتمے کے لئے طویل المدتی پالیسی اختیار کررہے ہیں۔لاہور میں سموگ کا بڑی وجہ انڈیا میں فصلوں کی باقیات کو بڑے پیمانے پر جلا نا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ دورہ چین کی کامیابی کے لئے چینی قونصل جنرل اور قونصلیٹ کے تعاون کے مشکور ہیں۔ننشیا(Ningxia) کے پارٹی سیکرٹری اور دیگر حکام کی مہمان نوازی تادیر یاد رہے گی۔انہوں نے کہا کہ چین کی طرز پر پنجاب میں بھی ٹورسٹ پولیس قائم کی جارہی ہے۔ایگریکلچر ریسرچ،واٹر مینجمنٹ اور دیگرامور میں چین کی مہارت میں فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
چینی قونصل جنرل ژا شیریں نے وزیر اعلی محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سموگ کے خاتمے کے لئے قابل قدر اقدامات کررہی ہے۔پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت دیگر اقدامات قابل ستائش ہیں۔لاہور میں ڈپلومیٹک انکلیو قائم کرنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ملاقات میں لاہور چڑیا گھر کے لئے پانڈا لانے کیلئے چینی حکومت سے رابطہ کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری وزیر اعلی،سیکرٹری عملدرآمد وزیر اعلی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔











