گورنر سندھ سے متحدہ عرب امارات کے یو مائیکرو فنانس بینک کے وفد کی ملاقات

78

 

کراچی، 01 نومبر (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے متحدہ عرب امارات کے یو مائیکرو فنانس بنک کے وفد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت یو مائیکرو فنانس بنک کے صدراور سی ای او محمد عیسی ال طاہری کررہے تھے۔

گورنر سندھ نے محمد عیسی ال طاہری کی کراچی آمد پر انہیں خوش آمدید کہا اور انہیں یو بنک کا صدر اور سی ای او منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ گورنرسندھ نے کہا کہ یو بینک کے ذریعہ ضرورت مندوں کو قرضوں کی فراہمی لائق تحسین ہے۔ گورنرسندھ نے تجویز دی کہ جامعہ کے طالب علموں کو بھی یو بنک کے ذریعہ لون فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی میں بینکوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

 صدر یو بینک محمد عیسی ال طاہری نے کہا کہ بینک کی پاکستان بھر میں 300 سے زائد برانچیں ہیں،جو اس سال کے اختتام تک 400 ہوئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینک یو فون کے تعاون سے یو پیسہ کی سروس بھی فراہم کررہا ہے۔

 گورنرسندھ نے یو مائیکرو فنانس بینک کے صدر عیسی ال طاہری کو سندھ کی ثقافت اجرک دی۔ بعد ازاں مائیکرو فنانس بینک کے سی ای او نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے تاریخی کمرہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بابائے قوم کے زیر استعمال اشیاکا معائنہ بھی کیا۔