ٹنڈو محمد خان ؛شہریوں کو سو فیصد ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ، ڈسٹرکٹ چیئرمین کا میگا یوٹیلیٹی سٹور کی افتتاحی تقریب سے خطاب

6

ٹنڈو محمد خان ،2 نومبر( اے پی پی ): ڈسٹرکٹ چیئرمین ٹنڈومحمدخان سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ شہریوں کو سو فیصد ریلیف کی فراہم کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ضروریات زندگی کی تمام تر اشیاء مارکیٹ سے کم نرخوں پر شہریوں کو دستیاب ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان شہر میں پرانے بس اسٹاپ کے قریب ایک میگا یوٹیلٹی سٹور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

 اس موقع پر یوٹیلیٹی سٹور زکے ڈائریکٹر ذوالفقار راحت، ایریا منیجر سید ذیشان شاہ موجود تھے، یوٹیلیٹی اسٹور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران سید قاسم نوید قمر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ عوام کو کم قیمت پر ضرورت زندگی کی اشیاء ان کی دہلیز پر فراہم کی جائے، ابتدائی طور پر یوٹیلیٹی اسٹور کا افتتاح ٹنڈو محمد خان میں کیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ٹنڈومحمدخان کی تینوں تحصیلوں میں بھی یوٹیلیٹی اسٹورز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے یوٹیلیٹی سٹور پر تمام اشیاء معیاری اور مارکیٹ ریٹ سے کم نرخوں پر یوٹیلیٹی اسٹور پر دستیاب ہوں تاکہ شہریوں کو ضروریات زندگی کی اشیاءمیں ریلیف مہیا ہو سکے۔