ڈیرہ غازی خان، 04 نومبر(اے پی پی):کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں غیر قانونی طور پرمقیم غیر ملکیوں کو مکمل عزت و احترام کے ساتھ ان کے وطن واپس روانہ کیا جائے گا جس کےلئے تمام انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں ۔عارضی قیام گاہوں میں ممکنہ سہولیات اور فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان،ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز، میپکو اور نادرا کے افسران شریک تھے۔اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان و دیگر غیر ملکیوں کے انخلاءکے حوالے سے جاری آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ہولڈنگ سنٹرز میں منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ہولڈنگ سنٹرز میں موجود غیر ملکیوں کو تمام ترسہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔اس موقع پر آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ عارضی قیام گاہوں میں غیر ملکیوں کےلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں اورٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے ایس او پی پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔











