گوجرانوالہ، 06اکتوبر (اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ ایکسپریس وے لاہور‘ سیالکوٹ موٹر وے تک تیز ترین اورباسہولت رسائی کا بہترین منصوبہ ہے ، حکومت پنجاب کے اس فلیگ شپ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف لاکھوں افراد کو جدید سفر کی معیاری سہولت دستیاب ہو گی بلکہ ایندھن اور وقت کی بھی بچت ہوگی۔ انہو ں نے یہ بات گوجرانوالہ ایکسپریس وے (موٹرو ے لنک روڈ) کے معائنہ کے موقع پر کہی۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی‘ ڈی سی فیاض احمدموہل‘ پراجیکٹ ڈائر یکٹر کرنل عمران‘ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالروف سمیت متعلقہ افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری نے ایکسپریس وے پر جاری ترقیاتی کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے ایف ڈبلیو او اور پراجیکٹ ڈائر یکٹر کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو مقررہ ٹائم لائن اور معیار کے مطابق مکمل کرنے کے سلسلہ میں تمام ممکنہ وسائل برو ئے کا لائے جائیں۔
چیف سیکرٹری کو بتایاگیا کہ 15.2 کلومیٹر طویل دو رویہ کارپٹڈ سڑک کی تعمیر سے گوجرانوالہ سے لاہور محض 45 منٹ کا سفر رہ جائے گا اور اس طرح نہ صرف وقت کی بچت ہو گی جبکہ ایندھن کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
کمشنر نوید حیدر شیرازی اور پراجیکٹ ڈائر یکٹر نے چیف سیکرٹری کو جاری تر قیاتی کام کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رائٹ آف وے سے تمام سروسز کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیاگیا ہے اور سڑک کاتقریباً85 فیصد ارتھ ورک بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ تمام ممکنہ وسائل کو برو ئے کار لاتے ہو ئے اس عوامی فلاحی منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔











