اوکاڑہ،06نومبر(اے پی پی ): چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی وزیر احمد آغا نے کہا ہے کہ طلباءو طالبات میں جذبہ اقبال پیدا کرنا اہم ترین ضرورت ہے،اساتذہ روزانہ کی بنیاد پرتدریس سے قبل پندرہ سے بیس سیکنڈ کے لئے علامہ اقبال کے فلسفہ اور خدمات پر روشنی ڈالیں۔
ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی وزیر احمد آغا نے ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں یوم اقبال کو یادگار بنانے کے لئے منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں یوم اقبال کو یادگار بنانے کے لئے کلام اقبال، کوئز، تقاریر اور دیگر پروگراموں کی ترتیب کے لئے شرکاء نے اپنی آرا پیش کیں۔یہ بھی طے پایہ کہ ضلعی انتظامیہ،اساتذہ، کمیونٹی کے لوگ،اقبال کو چاہنے والے ، سٹیک ہولڈز، وکلاء،صحافیوں اور طلباء وطالبات کے لئے فلسفہ اقبال اور کلام اقبال پر مبنی میگا پروگرام تشکیل دیا جائیگا۔
شرکا نے علامہ اقبال کی خدمات کو سراہا اور طلباء / طالبات میں جذبہ اقبال پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں عابد حسین ڈپٹی ڈی ای او سیکنڈری اوکاڑہ ،اسرار حسین پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول اشرف المدارس، ندیم اصغر ایس ایس ٹی گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول سٹی، راؤغلام قادر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن، سینئر صحافیوں سابق جنرل سیکرٹری اوکاڑہ پریس کلب اور بانی ممبر و سابق صدر اوکاڑہ پریس کلب شہباز ساجد اور محکمہ تعلیم کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔