ڈپٹی کمشنر ملتان کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے ڈینگی کے تدراک کیلئے محکمہ صحت کو ریڈ الرٹ جاری کردیا

75

ملتان10،نومبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ملتان کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے ڈینگی کے تدراک کیلئے محکمہ صحت کو ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈینگی کے پھیلاوکو روکنے کیلئے محکمہ صحت کے افسران کو فیلڈ میں نکلنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی گئی ہے غفلت برتنے والے محکموں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمحکمہ صحت کے اجلاس میں ڈینگی لاورے کی تلفی اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ گھروں اور کمرشل مقامات پر انڈور لاروا کی تلفی پر خصوصی فوکس کیا جائے جبکہ ڈینگی فیلڈ سٹاف کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کیلئے تھرڈ پارٹی چیکنگ کرایا جائے۔رضوان قدیر نے کہا کہ موسم میں تبدیلی کے باعث ملتان ڈینگی کے حوالے سے حساس ہوچکا ہے۔شہری ڈینگی مچھر سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ڈپٹی کمیشن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نجی ہسپتالوں کی لیبارٹرز کا ڈیٹا بھی اکٹھا کر رہی ہے تاکہ ڈینگی کے مریضوں کا درست ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی خصوصی چیکنگ کا ٹاسک دیا گیا ہے۔اس موقع پر اجلاس میں فوکل پرسن برائے ڈینگی ڈاکٹر عطاءالرحمن نے مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔