قصور؛ مصطفی آبادمیں 4 سالہ معصوم بچے کو اغوا ء کے بعد قتل کرنے والا ملزم گرفتار

36

قصور،10نومبر(اے پی پی):قصورکے نواح مصطفی آبادمیں 4 سالہ معصوم بچے کو اغوا ء کے بعد قتل کرنے والے ملزم  کو  پولیس  نے گرفتار کر لیا ہے ۔

پولیس ترجمان قصورنے “اے پی پی نیوز”کو بتایا کہ گزشتہ روز مصطفی آباد کے رہائشی شوکت نے اپنے 4سالہ بیٹے سکندر کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پولیس تھانہ مصطفی آباد کو دی، تھانہ مصطفی آباد پولیس نے بچے کے اغوا ء کا فوری مقدمہ درج کیا اور ملزم کی تلاش شروع کردی، ایس ایچ اوتھانہ مصطفی آباد آصف ذوالفقار کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے لاپتہ بچے کے خالو کو حراست میں لیا، ملزم شہباز عرف جوجی نے انکشاف کیا کہ اس نے گھریلو لڑائی جھگڑے کی بنا پر بچے کا گلا دبا کر قتل کر دیا ہے، تھانہ مصطفی آباد پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر دفتوہ روڈ مصطفی آبادسے بچے کی نعش برآمد کرلی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم شہباز کی بیوی گزشتہ دو ماہ سے ناراض ہو کر واپس میکے چلی گئی تھی جس کا ملزم کو رنج تھا، تھانہ مصطفی آبا دپولیس نے ملزم شہباز عرف جوجی کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔