میرپورخاص،10 نومبر(اے پی پی): ہندو برادری نے اپنی دیوالی کی تقریبات یکجہتی فلسطین غزہ کے ساتھ منانے اور ملک کی تعمیر و ترقی اور فلسطین کے حق میں دیوالی کی مرکزی پوجا میں دعائیں مانگنے کا اعلان کرتے ہوئے دیوالی کی تقریبات کا آغاز کردیا ہے ۔
اس سلسلے میں ہندو برادری کے سب سے بڑے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر سیکیورٹی اور دیگر انتظامی جائزہ لینے کے لیئے ایس ایس پی میرپورخاص عادل میمن، انچارج ڈی آئی بی دانش بھٹی ، ایس ایچ او سیٹ لائیٹ ٹاؤن پولیس انسپیکٹر وجے کمار کھتری اور ٹریفک سارجنٹ حیدر بلوچ نے لال مندر کا دورہ کیا، جہاں پر لالا مندر کی انتظامیہ رمیش کمار وینسی مل، دھنراج ہوتوانی پریتم داس کیلوانی، کشور مہاراج ، پارو مل پریمی اور دیگر نے ایس ایس پی کو مذہبی عبادات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ایس ایس پی پی کو سندھ کی روایت ٹوپی اجرک کا تحفہ دیا گیا۔ایس ایس پی نے اے پی پی کو بتایا کہ میرپورخاص ضلع میں چالیس مندروں میں دیوالی کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی دی گئی ہے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کا ملک کی تعمیر ترقی میں بھرپور کردار ہے اور یہاں تمام معذز علماء سیاسی سماجی و مذہبی جماعتیں مذہبی رواداری کو فروغ دیتے ہیں جو زبردست عمل ہے۔
لال مندر کی انتظامیہ رمیش کمار وینسی مل اور مہاراج کشور نے اے پی پی کو بتایا کہ اس سال دیوالی کی مرکزی پوجا کی تقریب میں ملک کی سلامتی، تعمیر و ترقی اور فلسطین کے لیئے دعائیں مانگی جائیں گی۔ انہوں نے اس سال دیوالی کی تقریبات فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔











