اوکاڑہ؛محکمہ تعلیم سے ریٹائرڈ ہونے والے اساتذہ اور اہلکاروں میں  مالی امداد اور لیو انکیشمنٹ کے چیک تقسیم  

12

اوکاڑہ،10نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نےگورنمنٹ ایم سی جونیئر ماڈل گرلز ہائی سکول میں منعقدہ تقریب میں ریٹائرڈ ہونے والے اساتذہ اور اہلکاروں کی مالی امداد اور لیوانکیشمنٹ کے لیے 1کروڑ 4 لاکھ روپے کی خطیر رقم کے چیک تقسیم کیے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب فرائض کی انجام دہی میں اپنی ٹیم کے ممبران کے مسائل کے حل میں کوشاں افسران کی خدمات ہمارے لیے لائق تحسین ہیں تو دوسری جانب ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے والے محکموں کے اہلکاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا عمل بھی انتہائی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے شعبہ تعلیم سے منسلک افسران و اساتذہ کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔

اس موقع پرچیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی وزیر علی آغا اور محکمہ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے۔محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ سمیت دیگر اہلکاران نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی ذاتی دلچسپی سے لیوانکیشمنٹ اور مالی امداد کی ادائیگی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔