گوجرانوالہ،11نومبر( اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کے افسران نے پنجاب میرج فنکشنز ایکٹ کے تحت ون ڈش اور مقررہ اوقات کی خلاف ورزی پر میرج ہالز، مارکیوں کو 02 لاکھ 50 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کر کے 02 شادی ہال مالکان پر مقدمہ درج اورایک سے زائد مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر 02 شادی ہالوں کو سیل کردیا گیا ہے ۔
اسسٹنٹ کمشنرز وسپیشل مجسٹریٹس نے ضلع بھر کے میرج ہالز کے خلاف متعدد چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں، ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی نہ کرنے والے شادی ہال انتظامیہ کو 02 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور متعدد میرج ہالز، مارکیوں کو ون ڈش اور اوقات کار کی خلاف ورزی پر مکمل طور پر سیل کر دیا۔
کارروائیوں کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز نے شادی ہال مالکان کو تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانون کی خلاف ورزی سے باز رہیں، ضلعی انتظامیہ اس پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لیے پرعزم ہے اور خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائے گی۔
ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ نگران حکومت پنجاب کی ہدایات پر تمام میرج ہالز اور مارکیوں کی مانیٹرنگ دن رات جاری ہے اور کسی قسم کی خلاف ورزی پر جرمانے کے ساتھ ساتھ قانونی کاروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی ون ڈش ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،تمام شادی ہال مالکان ایکٹ کی پابندی کریں بصورت دیگر ان کے خلاف بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ شادی ہالز سیل اور مقدمات درج کیے جائیں گے ۔











