رحیم یار خان ،13 نومبر( اے پی پی ): دانش سکولز رحیم یار خان میں چوتھے سالانہ سپورٹس گالا کا افتتاح ایم ڈی دانش سکولز اتھارٹی احمر ملک و ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کیا ۔افتتاحی تقریب میں سیکٹر کمانڈر چولستان رینجرز بریگیڈئیر رضوان اللہ نذیر، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی،پرنسپلز دانش سکول لیفٹیننٹ کرنل (ر) شاہد بشیر، روبینہ بدر سمیت دانش سکولز اور دیگرتعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔
انٹر دانش سکولز سپورٹس گالا میں پنجاب بھر سے1600سے زائد طلباءو طالبات شرکت کر رہے ہیں ،16دانش سکولز کے 940بوائز اور407گرلز اتھلیٹس شامل ہیں ،سات روزہ سپورٹس گالا میں باسکٹ بال، ہاکی، فٹ بال، والی بال، رسہ کشی، اتھلیٹکس، ٹیبل ٹینس و دیگر گیمز شامل ہیں ۔طلبہ و طالبات کھیلوں کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، ایم ڈی دانش سکولز اتھارٹی احمر ملک نے ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کے ہمراہ آج کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
ایم ڈی دانش سکولز احمر ملک نے اس موقع پر کہا کہ دانش سکولز اتھارٹی ہر سطح پر کھیلوں کو فروغ دے رہی ہے، آج کھلاڑیوں نے بہترین سپرٹ کا مظاہرہ کیا۔ دانش سکولز کے فارغ التحصیل طلباءو طالبات آج ملک کی نامور یونیورسٹیز سے بیچلر کی ڈگریاں حاصل کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ دانش سکولز اتھارٹی طلبہ کی بین الاقوامی یونیورسٹیز تک رسائی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔اساتذہ کی تربیت کے لئے بین الاقوامی سطح کے تربیتی سیشن منعقد کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دانش سکولز اتھارٹی کے مقامی بورڈ آف گورننگ کے چیئرمین ڈپٹی کمشنرز ہیں،دانش سکولز رحیم یار خان کو شکیل احمد بھٹی کی جیسا متحرک اور باصلاحیت چیئرمین میسر ہے،دانش سکولز کے مسائل حل کرنے میں ڈپٹی کمشنر کا کردارقابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے مقابلوں نے طلبہ کے تابناک مستقبل پر مہر ثبت کر دی ہے، بہترین انتظامات اور مہمان نوازی پر دانش سکولز گرلز اینڈ بوائز کے پرنسپلز مبارک باد کے مستحق ہیں۔ایم ڈی دانش سکولز احمر ملک نے مزید کہا کہ آئندہ سال ضلع وہاڑی پانچویں سالانہ سپورٹس گالا کی میزبانی کرے گا،دانش سکولز سپورٹس گالا میں بہترین کھیل دیکھنے کا موقع ملا۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے طلبہ پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں،دانش سکولز گرلز اینڈ بوائز پرنسپلز کی محنت کی بدولت تعلیم و کھیل کے میدانوں میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔