لسبیلہ یونیورسٹی کو سولر سسٹم پر منتقل کرنا خوش آئند اقدام ہے، گورنر بلوچستان کا یونیورسٹی دورہ کے موقع پر اظہار خیال

12

حب۔ 14 نومبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں بجلی کے پرانے نظام کو پہلی بار سولر سسٹم پر منتقل کرنا خوش آئند اقدام ہے، اس سے یونیورسٹی کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی سمیت بجلی بلوں کے اخراجات سے نجات مل جائیگی، انسانی وسائل کی ترقی میں لسبیلہ یونیورسٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل کے دورے کے موقع پر کیا۔  یونیورسٹی پہنچنے پر گورنر بلوچستان کو لسبیلہ یونیورسٹی کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔  اس موقع پر لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی بھی موجود تھے۔  گورنر بلوچستان نے کہا کہ یونیورسٹی کی زرعی اراضی کو آباد کر کے وافر آمدن حاصل ہو سکتی ہے جس سے لسبیلہ یونیورسٹی کے اخراجات خودکار طریقے پر پورے کیے جا سکتے ہیں ۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی طویل ساحلی پٹی اور اس میں موجود مواقع اور روشن معاشی امکانات سے ماضی میں فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا ۔ انہوں نے کہا کہ میرین سائنسز کو ترقی دے کر لسبیلہ یونیورسٹی ایسی افرادی قوت مہیا کر سکتی ہے جو بلیو اکانومی کو فروغ دینے اور اس سے بھرپور استفادہ کرنے میں مددگار ثابت ہو گی ۔ بعدازاں گورنربلوچستان نے لسبیلہ یونیورسٹی کی کارکردگی اور درپیش مسائل کے حوالے سے اساتذہ کرام کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا ۔ انہوں نے لسبیلہ یونیورسٹی کے تدریسی عملہ  اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے ۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے یونیورسٹی کے احاطے میں ایکسپو سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا اور یونیورسٹی کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔