صدر مملکت سے بلغاریہ میں پاکستان کے نامزد سفیر مدثر چوہدری کی ملاقات

25

اسلام آباد،21نومبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بلغاریہ میں پاکستان کے نامزد سفیر مدثر چوہدری نےملاقات کی۔

صدر مملکت نے پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کے لئے  سیاسی اور کاروباری وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور بلغاریہ کے مابین اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بلغاریہ کے ساتھ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان بلغاریہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ نومنتخب سفیر دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان ادارہ جاتی روابط قائم کرنے پر کام کریں ۔ صدر مملکت نے فیکلٹی اور طلباء کے تبادلوں سے تعلیمی شعبے میں تعلقات بہتر بنانے کی ،پاکستانی اور بلغاریہ کی جامعات کے درمیان اشتراکی عمل کو فروغ دینے  پر بھی زور دیا۔صدر مملکت  نے  مدثر چوہدری کو بلغاریہ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر تعیناتی پر مبارکباد دی اور  نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔