بچوں کا عالمی دن،بچے روشن مستقبل کی تعمیر کے ضامن ہیں،جنرل منیجر تھر فاؤنڈیشن

19

تھر ، 21 نومبر(اے پی پی ): جنرل منیجر تھر فاؤنڈیشن فرحان انصاری نے کہا کہ بچے روشن مستقبل کی تعمیر کے ضامن ہیں۔  تھر کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور ان کے بہتر اور خوشحال مستقبل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے بچوں کا عالمی دن جوش و جذبے سے منایا گیا جس میں  بچوں نے پودے لگا کر دھرتی سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

 سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے جنرل منیجر فیاض سومرو نے کہا کہ آج بچوں کا عالمی دن منانے کا مقصد سب کو اس بات سے آگاہ کرنا ہے کہ بہتر مستقبل کے لیے بچوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط بنانا ضروری ہے،  نصابی تعلیم کے ذریعے بچوں کی ذہنی قوت کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی طرف بھی راغب ہونا چاہیے۔  بچوں کی تعلیم ہی واحد حل ہے جس سے قومیں ترقی کرتی ہیں۔  بہتر معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور تھرپاکر میں تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے بہتر تعلیمی ادارے چلائے جا رہے ہیں اور کہا ہم بچوں کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ وہ ہماری زندگی میں بہت اہم ہیں اور ہم انہیں وہ ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی انہیں ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے ضرورت ہے۔

تقریب کے دوران بچوں کی جانب سے مختلف سرگرمیاں بھی پیش کی گئیں۔  تقریب میں تھر فاؤنڈیشن اور تھر کول بلاک ٹو کی انتظامیہ سمیت اسکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔