لاہور،25 نومبر(اے پی پی): سیف سٹیز اتھارٹی پنجاب نے سموگ کا باعث بننے والے 130 سے زائد دھواں چھوڑتے عناصر کی نشاندہی کر دی جن میں دھواں چھوڑتی گاڑیوں، چمنیوں،بھٹوں، کوڑے کو آگ لگانے والوں ودیگر کی نشاندہی شامل ہے۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی نے 95 خطرناک دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی فیلڈ فورس کو رپورٹ کی جبکہ شہر کے 21 مقامات پر کوڑے کو آگ لگانے والوں کی رپورٹ متعلقہ محکموں کو بھجوا دی گئی۔ کیمروں کی مدد سے 16 مقامات پر دھواں چھوڑنے اور سموگ کا باعث بننے والی چمنیوں، بھٹوں ودیگر کی نشاندہی بھی کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ لاہور کے داخلی وخارجی راستوں اور اہم شاہراؤں پر کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔ سیف سٹی جرائم کی روک تھام کیساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے ارد گرد سموگ پھیلانے والوں کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر دیں۔