پالیسوں کا تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے  ہمیں  دہشت گردی کے خلاف جیتی ہوئی جنگ دوبارہ لڑنی پڑ رہی ہے،نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی

19

اسلام آباد،11دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز احمد بگٹی  نے  پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پالیسوں کا تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے  ہمیں  دہشت گردی کے خلاف جیتی ہوئی جنگ دوبارہ لڑنی پڑ رہی ہے،یہ  افواج پاکستان  اور  سول آرمڈ فورسز   کی نہیں بلکہ ریاست کی جنگ ہے ،اس میں کامیابی کے لئے پارلیمنٹ ، عدلیہ  اور میڈیا سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی شمولیت ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پولیس لائنز اسلام آباد میں پولیس کانسٹیبلان  کے 39 ویں بیچ  کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ میرے لئے یہ انتہائی مسرت کی بات ہے کہ عملی  زندگی کا سفر شروع کرنے والے خواتین اور مرد پولیس کانسٹیبلان  سے مخاطب ہورہا ہوں اور کہا کہ اس وقت ہمیں دو طرح کے چیلنجز  درپیش  ہیں جن میں مذہب کی بنیاد پر دہشت گردی  اور قوم پرستی کی بنیاد پر دہشت گرد ی شامل ہے حالانکہ ان دونوں چیزوں کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے،ایک سازش کے تحت دہشت گردی کو مذہب اور قوم پرستی سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ ملک کو کمزور کرنے کے لئے” پراکسیز”  لڑی جارہی ہیں  ان کو ناکام بنانے کے لئے پاکستان کی مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز نے قربانی کے عظیم جذبے کے ساتھ   فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر دنیا میں نئی مثال قائم کر دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 1947  کے بعد ہم سب کی ایک ہی شناخت ہے وہ ہے پاکستانی ، ہم سب سے پہلے پاکستانی اور اس کے  بعد سندھی، بلوچی، پنجاب، سرائیکی ،گلگتی اور کشمیری ہیں، اس سازش کو بھی ہم  بحثیت قوم ملکر ناکام بنا  رہے ہیں  ۔

چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد ، ڈپلومیٹس ، سابق پولیس افسران بھی تقریب میں شریک تھے ۔