اسلام آباد، 13 دسمبر(اے پی پی): وزارتِ صحت نے موثر اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے حال میں ہی ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔ان اقدامات میں ہنگامی بنیادوں پر ادویات کی رجسٹریشن، جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات بیچنے والوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
وزیر صحت کی ہدایت پر ڈریپ (DRAP)نے ترجیحی بنیادوں پر جن ادویات کی رجسٹریشن کے کیسز کو منظور کیا ہے ان میں شوگر، مرگی، اینستھیزیا انجکشن، اینٹی کینسر، انفلوئنزا ویکسینز، اور اسی قسم کی دوسری زندگی بچانے والی ادویات کی رجسٹریشن اور مقامی سطح پر پیداواری صلاحیت کو فروغ دینا قابل ذکر ہے۔
انقلابی اقدامات کے پیشِ نظر نئی ادویات کی رجسٹریشن اور لائسنسگ کو بھی ڈیجیٹل سسٹم سے جوڑ دیا ہے، اس عمل کے باعث پاکستان کی ادویات پر عالمی اداروں کے اعتماد اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
جبکہ محکمہ صحت نے مقامی طور پر ادویات کی تیاری، ان کے فروغ کیلیے فارما پارک کا قیام اور فارما انڈسٹری کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے بھی ضروری اقدامات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔