فاطمہ ثنا پاکستان ویمنز ٹیم کی ون ڈے انٹرنیشنل میں قیادت کرنے والی 10ویں کپتان

45

اسلام آباد، 14 دسمبر (اے پی پی): فاطمہ ثنا پاکستان ویمنز ٹیم کی ون ڈے انٹرنیشنل میں قیادت کرنے والی 10ویں کپتان بن گئیں ہیں وہ نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔

ندا ڈار نے منگل کو کوئنزٹاؤن کے جان ڈیوس اوول میں پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹیم کی قیادت کی، جہاں نیوزی لینڈ بیٹنگ کے 44 ویں اوور میں گیند لگنے سے زخمی ہو کر میدان سے باہر چلی گئیں تھیں۔ اس کے بعد فاطمہ ثنا کو اسٹینڈ ان کپتان مقرر کیا گیا۔ تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کے لیے ندا ڈار کی دستیابی کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

22 سالہ فاطمہ ثنا، جنہوں نے مئی 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا، جب وہ کل کرائسٹ چرچ میں ٹاس کے لیے جائیں گی تو وہ ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی 10ویں کپتان بن جائیں گی۔

فاطمہ ثنا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 5.60 کے اکانومی ریٹ سے چھ وکٹیں حاصل کیں اور 3 دسمبر کو ڈنیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں تین وکٹیں لے کر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

کراچی میں پیدا ہونے والی فاطمہ ثنا کو اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی شاندار کارکردگی دکھانے پر 2020 میں پی سی بی کا ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ فاطمہ ثنا نے 2021 میں آئی سی سی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتانی ملنے پر فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے، حالانکہ ندا ڈار کی انجری ہمارے لیے ایک دھچکہ ہے اور میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔