حکومت زیر التواء  ڈھانچہ جاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے میں پرعزم ہے؛شمشاداختر

31

اسلام آباد،14دسمبر  (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیرخزانہ، محصولات واقتصادی امورڈاکٹرشمشاداخترنے کہاہے کہ  حکومت طویل عرصے سے زیر التواء  ڈھانچہ جاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے میں پرعزم ہے، آنے والی حکومت کومستحکم معیشت دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن برائے مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، ترکی، پاکستان اورافغانستان کیلئے علاقائی نائب صدرمس  ہیلہ چیخاروف سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کیپٹل مارکیٹ، انشورنس انڈسٹری، انوسٹمنٹ فنانس، ایکسپورٹ پر مبنی نمو اور برآمدات  میں اضافہ کیلئے خصوصی  اقتصادی زونز کے قیام پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انشورنس کی صنعت  پاکستان میں پائیدار اور موسمیاتی  لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر اورسماجی تحفظ کے طریقہ ہائے کارمیں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ   انشورنس  کی صنعت کیش کومؤثر طریقے سے  شامل کرنے سے   کیپٹل مارکیٹوں کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر روشنی  ڈالتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت طویل عرصے سے زیر التواء  ڈھانچہ جاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے میں پرعزم ہے۔ انہوں نے نگراں حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے سے بھی وفد کوآگاہ کیا اورکہاکہ اس سے ملک میں معاشی اور مالی استحکام آیا ہے۔

 وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے کردار کوسراہا اورکہاکہ آئی ایف سی کو نجی  شعبہ، انشورنس  کی صنعت، برآمدات پرمبنی کاروبار اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز پراپنی توجہ مرکوزکرنی  چاہئیے۔

ہیلہ چیخاروف نے  معیشت میں بہتری کے لیے حکومت کی طرف سے اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ملک کے معاشی ایجنڈے کی ترقی اور بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔

ملاقات میں  آئی ایف سی کے علاقائی ڈائریکٹرخواجہ آفتاب احمد، ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن، آئی ایف سی کے کنٹری منیجرذیشان شیخ  اورخزانہ واقتصادی امور کے سینئیرافسران بھی موجودتھے۔