۔”بی آ ئی ایس پی “ریاست کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام ہے، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب

69

 

اسلام آباد، 15 دسمبر(اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ بی آ ئی ایس پی ریاست کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام ہے جو ضرورت مند گھرانوں کو اضافی مالی معاونت فراہم کرتا ہے،ضرورت مند گھرانوں میں بچت کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے  بچت سکیم کا اجراء کیا جا چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بروزجمعہ یہاں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ گول میز  کانفرنس سے خطاب میں کیا۔گول میز کانفرنس کا مقصد بی آئی ایس پی ، سول سوسائٹی اداروں  اور دیگر  این جی اوزکے  مابین شراکت داری  کو فروغ  دینا ہے۔

چیئرپرسن بی آ ئی ایس پی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ضرورت مند گھرانوں کو غربت سے باہر نکالنے کی حکمت عملی پر زوردیا اور مواخات کے اصولوں کو اپناتے ہوئے سول سوسائٹی اور دیگر پارٹنر اداروں سے ضرورت مند گھرانوں کی مدد  کی اپیل کی۔

گول میز کانفرنس میں ملک کے سماجی فلاح و بہبود کے شعبوں میں کام کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری بی آ ئی ایس پی ڈاکٹر طاہر نور نے شرکاء کو بی آ ئی ایس پی اور دیگر اقدامات پر تفصیلی  بریفنگ دی۔انہوں نے بینظیر کفالت،  نشوونما، تعلیمی وظائف اور انڈر گریجویٹ سکالرشپ پربھی بریفنگ دی۔

ڈاکٹر طاہر نور نے بتایا کہ ملک بھرمیں 647 ڈائنامک رجسٹری سینٹرز موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بینظیر کفالت پروگرام کے تحت 361.5 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ تعلیمی وظائف پروگرام کے ذریعے 88 لاکھ بچوں میں 55 ارب روپے سے زائد تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹنٹنگ کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے 14 لاکھ حاملہ، دودھ پلانے والی مائیں اور انکے 2 سال سے کم عمر بچے نشوونما پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر نور نے بتایا کہ بی آ ئی ایس پی کے پاس 35 ملین گھرانوں کا مستند ڈیٹا موجود ہے۔ڈی جی این ایس سی آر نوید اکبر نے بی آ ئی ایس پی کے ڈیٹا اور اس تک رسائی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

کانفرنس میں بی آئی ایس پی اور اللہ والے  ٹرسٹ کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کے مطابق،  اللہ والے ٹرسٹ  وظائف وصولی کیلئے آنے والی ضرورت مند خواتین کو مفت کھانا فراہم کرے گا ۔گول میز کانفرنس میں دیگر اداروں نے بھی ضرورت مند افراد کی  فلاح و بہبود کیلئے  بی آئی ایس پی کیساتھ اشتراک پر آمادگی کاا ظہار کیا۔

کانفرنس میں  شاہد لون ، چیئرمین اللہ والے ٹرسٹ،   احتشام الحق ، سی ای او طارق جمیل فاؤنڈیشن،  فیصل ایدھی، چیئرمین ایدھی فاؤنڈیشن، عبدالکبیر قاضی، ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن،  سید اسد ایوب، صدر سٹیزنز فاؤنڈیشن، جناب مورث خورشید، کنٹری ہیڈ دارالسکون،  میجر جنرل (ر) رحمت خان، صدر الشفاء ٹرسٹ، پروفیسر ڈاکٹر قیصر الزمان خان، وائس چانسلر یو ای ٹی ٹیکسلا، ڈاکٹر راشد باجوہ ، سی ای او این آر ایس پی و دیگر شریک تھے۔