اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مصر، عمان، بوسنیا، سری لنکا اور قبرص کے ساتھ تجارت، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں عرب جمہوریہ مصر، سلطنت عمان، بوسنیا و ہرزیگووینا، جمہوریہ قبرص اور سری لنکا کے نامزد سفیروں / ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سفارتکاروں نے اپنی سفارتی اسناد صدر مملکت کو پیش کیں اور ان سے الگ الگ ملاقات کی۔
پاکستان میں مصر کے نامزد سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحامد حسن کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے مصر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو دونوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان مشترکہ عقیدے، ثقافتی وابستگی اور اقدار پر مبنی رشتوں سے ظاہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر صدر مملکت نے غزہ میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ لوگوں کے قتل اور عوامی املاک کو ہونے والے بھاری نقصان پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر ایہاب محمد عبد الحامد حسن نے بتایا کہ مصر غزہ کے لیے انسانی امداد کی حمایت کر رہا ہے۔
سلطنت عمان کے نامزد سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا ہے اور اس سلسلے میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل تشکیل دی ہے جو پاکستان کے آئی ٹی، زراعت، معدنیات اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے ون ونڈو آپریشن فراہم کرتی ہے۔ صدر نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کو بھی اجاگر کیا۔ سفیر نے سلطان کی جانب سے پاکستان کے عوام اور حکومت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔
بوسنیا و ہرزیگوینا کے نامزد سفیر ایمن کوہوڈاریوچ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان بوسنیا و ہرزیگوینا کے ساتھ بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تجارت، معیشت اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی زبردست گنجائش موجود ہے۔ سفیر نے کہا کہ وہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔
سری لنکا کے نامزد ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے سے بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات گزشتہ سات دہائیوں میں مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سیاسی اور ثقافتی سطح پر دوروں کے تبادلے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے اعتراف کیا کہ سری لنکا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کیا اور دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
جمہوریہ قبرص کے نامزد سفیر اینڈریاس پی کوزوپس سے گفتگو کے دوران صدر نے کہا کہ پاکستان قبرص کو ایک اہم دوست سمجھتا ہے اور قبرص کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے تناظر میں جمہوریہ قبرص کی پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
صدر نے غزہ میں پیش آنے والے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے بچوں اور خواتین سمیت معصوم لوگوں کو قتل کر کے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ صدر مملکت نے سفیروں کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔











