اسلام آباد، 19 دسمبر (اے پی پی): وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے خشک مرچوں کی پہلی کھیپ اور پاکستان کی زرعی برآمدات میں ایک اہم پیشرفت کا اعلان کیا۔ یہ اہم کامیابی، لیٹونگ فوڈ کمپنی لمیٹڈ کی شاندار کاوشوں سے ممکن ہوئی، پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔
وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے منگل کر روز اپنے ویڈیو پیغام میں لیٹونگ فوڈ کمپنی لمیٹڈ کو ان کے غیر معمولی کارنامے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی اور چین میں پاکستانی اشیاءکی خاطر خواہ مارکیٹ بنانے میں چینی حکومت کی غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا ۔
نگران وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجازنے کہا مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ خشک مرچوں کی پہلی کھیپ چین کے لیے روانہ ہو رہی ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف ہمارے برآمد کنندگان کی صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہے بلکہ پاکستانی اور چینی کاروباری اداروں کے درمیان مزید تعاون کے امکانات کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ برسوں میں چین کو پاکستانی مصنوعات کی برآمدات 20 بلین ڈالر سے تجاوز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں تاہم اس ہدف کے حصول کیلئے پاکستانی زرعی برآمد کنندگان کی جانب سے ٹھوس کاوشیں ناگزیر ہیں۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں، پیداوار میں اضافہ کریں اور چینی مارکیٹ کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے موثر مارکیٹنگ کی حکمت عملیوںکو اپنائیں،اس عمل میں چینی کمپنیوں کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے تعاون کے امکانات کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا اگر ہماری کمپنیاں چینی حکام کے طے کردہ معیارات پر پورا اتریں تو ہماری برآمدات میں اضافہ ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ میں وزارت تجارت، وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور چین میں ہمارے مشن کو ان کی کاوشوں پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پروٹوکول کو حتمی شکل دینے اور تعمیل کی رسمی کارروائیوں کو صرف چار ماہ میں مکمل کرنے کا اہم ہدف حاصل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین آزاد تجارتی معاہدے سے مستفید ہوتے ہوئے پاکستان کو صفر ٹیرف کے ساتھ مسابقتی برتری حاصل ہے جو اسے خطے میں پاکستان کو ایک منفرد مقام دیتا ہے۔
انہوں نے چینی مارکیٹ بالخصوص زرعی شعبے میں ترقی کے بے پناہ مواقعوں پر روشنی ڈالی اور نئی ٹیکنالوجی جیسے ہائبرڈ بیج اور کارپوریٹ فارمنگ کو اپنانے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران پرتپاک استقبال پر چینی ہم منصبوں کا شکریہ ادا کیا۔











