نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کیلئے وزراء کوذمہ داریاں تفویض کر دیں

37

 

لاہور، 24 دسمبر (اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میں زیر تعمیر منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لیے وزراء اور افسروں کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے زیر تکمیل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کیلئے وزراء اور افسروں کوذمہ داریاں سونپ دیں۔

 صوبائی وزیر عامر میرجنرل ہسپتال، ابراہیم حسن مراد میو ہسپتال اور وہاب ریاض ڈینٹل ہسپتال کے پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کریں گے، ڈاکٹر جاوید اکرم چلڈرن ہسپتال،سیکرٹری ٹورازم گنگارام ہسپتال اور کمشنر لاہور پی آئی سی کے پراجیکٹس کی نگرانی کریں گے۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کو راولپنڈی کے پراجیکٹس اور صوبائی وزیر بلال افضل کو لاہور رنگ روڈ ایس ایل تھر ی ،گوجرانوالہ ایکسپریس وے پراجیکٹس کی مانیٹرنگ سونپ دی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب بہاولپور اور کمشنر ملتان متعلقہ ڈویژن کے پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کریں گے۔

 وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزرا کو روزانہ دومرتبہ پراجیکٹس کا  دورہ  کرنے اور   روزانہ رپورٹ واٹس ایپ کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کو بھی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، کسی غفلت یا کوتاہی کے متحمل نہیں ہوسکتے، پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے شب روز محنت کی ضرورت ہے۔