عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں؛نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی

23

 

لاہور،25 دسمبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں،ان منصوبوں میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے،31دسمبر تک تینوں منصوبوں کے مرکزی ہال اورڈیٹا سینٹر کا سول ورکس مکمل کیا جائے۔

ان خیالات کا  اظہار نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  نے  قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس دورے کے موقع پر کیا۔انہوں نے قائد اعظم ڈے اور کرسمس ڈے پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے  گرجا گھروں اور تقریبات کی سکیورٹی کے لئے کئے گئے انتظامات کا مشاہدہ کیا ،ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے قائد اعظم ڈے اور  کرسمس ڈے  کے سکیورٹی انتظامات بارے  بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس ہیں،پنجاب بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آبادسیف سٹی پراجیکٹس کے سول ورکس کو 31دسمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں،ان منصوبوں میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے،31دسمبر تک تینوں منصوبوں کے مرکزی ہال اورڈیٹا سینٹر کا سول ورکس مکمل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تینوں پراجیکٹس کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹس طلب کرتے ہوئے کہا کہ کمشنرز اورآر پی اوز باقاعدگی سے پراجیکٹس کے دورے کر کے ڈیلی رپورٹس پیش کریں۔سول ورکس مکمل ہونے کے بعد آلات کی تنصیب کا کام جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں 600،گوجرانوالہ میں 700اورراولپنڈی میں 750کیمرے سیف سٹی پراجیکٹس کے ساتھ منسلک ہوں گے۔17چھوٹے شہرو ں میں سیف سٹی پراجیکٹ “ڈی آئی سی تھری”پر بھی جلد کام کا آغاز کیا جائے۔پنجاب کے 737تھانوں کی اپ گریڈیشن کے امور بھی جلد آگے بڑھائے جائیں،31جنوری تک تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونا چاہئیے ۔انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس،تھانوں کی اپ گریڈیشن اور17 چھوٹے شہریوں میں سیف سٹی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،انسپکٹر جنرل پولیس،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سی سی پی او لاہور،ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی،سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہورڈویژن اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آباد کے کمشنرز جبکہ گوجرانوالہ اورفیصل آباد کے آر پی اوز اورراولپنڈی کے سی پی او ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔