پاکستان اور چین کے تعلقات ہمیشہ سدا بہار رہے ہیں ،نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کو خصوصی انٹرویو

52

 

اسلام آباد ,01جنوری )اے پی پی ): نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پیر کے روز چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہمیشہ سدا بہار رہے ہیں اور سی پیک سے پاکستان میں ہونے والی ترقی پر عوامی جمہوریہ چین اور چین کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مرتضٰی سولنگی نے عوامی جمہوریہ چین کے عوام کو نئے سال کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ کے پیغام کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کا ترقی کا نظریہ عالمگیر ترقی پر مبنی ہے، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انی شی ایٹو کی دنیا قدر کر رہی ہے اور ہمارے خطے میں بھی صدر شی جن پنگ کا عالمگیریت پر مبنی نظریہ فروغ پا رہا ہے۔

مرتضٰی سولنگی نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلتی جا رہی ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مائننگ، اسپیشل اکنامک زونز، زراعت، ایگرو بیسڈ انڈسٹری اور ٹور ازم کے شعبوں میں بھی تعاون فروغ پا رہا ہے اور اسی طرح ریڈیو پاکستان اور چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے درمیان تعاون کے نتیجے میں ہمارے پروفیشنلز چین گئے اور اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ کام کر کے خوشگوار تجربات اپنے ملک لائے۔