اسلام آباد، 2 جنوری ( اے پی پی ):سینیٹ کمیٹی نے ہکلہ انٹر چینج کے قریب ایک خصوصی اقتصادی زون (SEZ) کے قیام کے حوالے سے عوامی عرضداشت پر غور کیا جو بورڈ آف انوسٹمنٹ کی جانب سے اعلان کردہ ایک منصوبہ ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس منگل کو سینیٹر سعدیہ عباسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے تجویز دی کہ خصوصی اقتصادی زونز (SEZs )کو کم آبادی والے علاقوں میں قائم کیے جانے چاہی چا ہئیں جن سے تعمیر شدہ اور زرخیز علاقوں میں کم سے کم خلل پڑے، اور یہ قابل رسائی اور لاگت سے موثر ہونے چاہئیں۔
سرمایہ کاری بورڈ کے سیکرٹری نے وضاحت کی کہ خصوصی اقتصادی زونز عام طور پر صوبوں میں قائم ہوتے ہیں اور وفاقی حکومت کے زیر کنٹرول ہوتے ہیں، تاہم وفاقی حکومت نے اسلام آباد سے ملحق ایک ماڈل زون بنانے کا منصوبہ بنایا ہے جو دیگر خصوصی اقتصادی زونز کے لیے رہنمائی کا کام کرے گا۔
ڈپٹی کمشنر اٹک نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ کے پاس تین سائٹس زیر غور ہیں لیکن ابھی تک کوئی سائٹ فائنل نہیں ہوئی۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے بی او آئی کے سیکرٹری اور پنجاب حکومت کو مشترکہ طور پر ایک تفصیلی سروے کرنے کی ہدایت کی تاکہ خصوصی اقتصادی زون کے لیے مناسب جگہ کی نشاندہی کی جا سکے، جو کہ کم آبادی والا ہو، جس کے مقامی زراعت اور ماحولیات پر کم سے کم اثرات مرتب ہوں۔
اجلاس میں سینیٹر محمد اکرم، سینیٹر مصدق احمد خان، سینیٹر سیف اللہ سرور خان نیازی، سینیٹر خالدہ عاطیب، سینیٹر کامل علی آغا، سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ محمد سہیل راجپوت، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤعاطف اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔