پاکستان ایئر فورس بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ 2024 ء کا دوسرا روز، بہاولپور اور کشمیر کی ٹیمیں فاتح

38

اسلام آباد،8 جنوری(اے پی پی ): پاکستان ائیر فورس بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ   2024 ءجاری ہے ، ایونٹ کے دوسرے روز بہاولپور اور کشمیر کی ٹیموں نے فتوحات حاصل کہیں۔

بروز سوموار کھیلے گئے پہلے میچ میں بہاولپور نے ایبٹ آباد کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ ایبٹ آباد کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں 184 رنز بنائے اوراس اننگ میں ایبٹ آباد کی جانب سے نعیم اللہ 84 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ایبٹ آباد کی ٹیم کے مد مقابل بہاولپور کے سکواڈ نے ہدف کا تعاقب با آسانی 9.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا،بہاولپور کرکٹ ٹیم کی جانب سے معین 97 اور راشد 75 سکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ بعدازاں معین کو ان کی عمدہ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 دوسرے میچ میں اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ کشمیر کے ٹیم نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے، نثار 112 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کامران اختر نے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے جواب میں اسلام آباد کی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنا سکی جس کے ساتھ ہی کشمیر کی ٹیم نے مقابلہ 41 رنز سے اپنے نام کر لیا، کشمیر کے مطیع اللہ 70 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ادریس اور تحسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ نثار کو شاندار سنچری پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

چیمپئن شپ میں کل بروز منگل دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ کشمیر اور ایبٹ آباد کے درمیان جبکہ دوسرا میچ بہاولپور اور اسلام آباد کے مابین کھیلا جائے گا۔