ملتان،16جنوری(اے پی پی): پاکستان ریلویز نے دوران سفر ملٹی فوڈز ڈائننگ کار متعارف کروا دی ہے، ریلوے سٹیشن ملتان کینٹ پر افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، زکریا ایکسپریس کے ساتھ ملتان تا کراچی روٹ ملٹی فوڈز ڈائننگ کار بوگی کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ملٹی فوڈز ڈائننگ کار کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان سے کراچی تک سفر کے دوران مسافروں کو بیک وقت 40 اقسام کے ذائقہ دار چٹ پٹے کھانے میسر ہوں گے۔ 180 روپے میں بھی کھانا دستیاب ہو گا، گرما گرم کھانے پینے کی اشیاء موقع پر تیار کرنے کی سہولت حاصل ہو گی۔
نجی کمپنی کی طرف سے یقین دلایا گیا کہ دوران سفر مسافروں کو گھر کے کچن جیسی معیاری فوڈز پیش کریں گے، ذائقہ دار پاکستانی، بار بی کیو، پیزا، چائینیز کھانے بھی میسر ہوں گے۔
ڈی ایس ریلویز ملتان ڈویژن محمود الرحمان لاکھو نے ڈپٹی ڈی ایس صائمہ بشیر کے ہمراہ فوڈز بوگی کا افتتاح کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس ملٹی فوڈز ڈائننگ کار کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا ہے تاہم پاکستان ریلویز مکمل چیک اینڈ بیلنس رکھے گی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔